Monday, October 20, 2025

آزمائشیں

آزمائشیں 
از
عابدہ رحمانی

وہ پچھلے ایک گھنٹے میں مجھ سے پچاس مرتبہ پوچھ چکی تھی ، کہ کیا یہ گھر میرا ہے اور میں یہاں اکیلی رہتی ہوں اور اسی طرح کے سوالات اپنی چھوٹی بہن سے جو ان سے دو، تین سال  چھوٹی ہے ۔ وہ  انتہائی تحمل سے اسکو جواب دیتیں اور اسکے اس تکرار پر پر یشانی کا اظہار بالکل نہیں کر تیں ۔۔
دبلی پتلی سروقد ، چھوٹے رنگے ہوئے سٹائلش بال ،خوش لباس خاتون اپنے پرانے قصے خوب سنا رہی تھیں لیکن ایک لمحے پہلے کیا ہوا تھا یا کیا کہا تھا ، انکے ذہن سے محو ہو گیا تھا۔۔ 
انسانی ذہن اور دماغ جو کہ پورے جسم کو کنٹرول کرتاہے ،یاداشت اسکا ایک بنیادی عنصر ہے —لیکن یاداشت ختم ہو جائے تو انسان کا ایک حصہ ختم ہو جاتا ہے ۔۔ 
اس سنگین مر ض کو اردو میں نسیان یا بھولنے کا مر ض کہتے ہیں ، جب کہ انگریزی میں Alzheimer’ Dementia کہلاتا ہے اسکا  ابھی تک کوئی علاج دریافت نہیں ہوا جب کہ تحقیقات دنیا بھر میں جاری ہیں لیکن کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی ہے ۔ مختلف تراکیب ، دماغی ورزش، خوراک کی اقسام پر غور و خوض ہو رہا ہے اور تجاویز دی جا رہی ہیں ۔لیکن ؟

اردو کا ایک مشہور شعر ہے ۔۔
یاد ماضی عذاب ہے یا رب ۔۔۔ چھین لے مجھ سے حافظہ میرا
اللہ نہ کرے کہ کوئی اس صورتحال سے دوچار ہو لیکن یہ بیماری جس تیزی سے پھیل رہی ہے اور خاموشی سے مریض کو لپیٹ لیتی ہے ، وہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے۔ ایک سے ایک قابل ومعروف لوگ ، دانشور ، سیاستدان اور عام انسان مرد و عورت سب اسکی لپیٹ میں آکر چلتی پھرتی لاش بن جاتے ہیں ۔۔ مردوں کی طرح خواتین بھی اس سے متاثر ہیں ۔۔
زیادہ تر ادھیڑ عمر کے افراد اسکا نشانہ بنتے ہیں ۔ میرا اپنا یہ حال ہے کہ لوگوں اور جگہوں کے نام بھول جاتی ہوں اور اسکے لئے میرے ذہن اور حافظے کو بہت زور لگانا پڑتا ہے اور جب وہ نام یاد آتا ہے تو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کہ بڑا معرکہ سر کر لیا ہو ۔۔۔
یہ مرض اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ اپنے حلقۂ احباب اور رشتہ داروں میں آئے دن معلوم ہوتا ہے کہ فلاں فلاں الزائمر کا مریض ہے اور یہ صورتحال اتنی نازک ہو جاتی ہے کہ مریض تمام رشتے اور پہچان بھول جاتاہے ، کچھ مریض تو کھانا چبانا اور نگلنا تک بھول جاتے ہیں ،باقی حوائج اور مجبوریاں انتہائی دل شکن اور لواحقین کے لئے افسوسناک ہے ۔۔مریض تو ہر بات سے ناواقف ہوتاہے ۔۔
مغربی دنیا میں بے انتہا تحقیق ہو رہی ہے ، الزائمر  کیلئے واک ہورہے ہیں ،فنڈ جمع ہو رہے لیکن نتیجہ ابھی تک صفر ہے ۔
ابھی ابھی مجھے اطلاع ملی ہے کہ میرے بھائی کے ایک عزیز دوست، لائق فائق انجینئر پچھلے کئی سالوں سے اس اندوہناک بیماری کا بری طرح شکار ہوئے۔۔انکے اہل خانہ نے ان کو نرسنگ ہوم میں ڈال دیا تھا جہاں آج وہ انتقال کر گئے ----
یہ اندوہناک بیماری اللہ کا غذاب ہے یا بنی نوع انسان کیلئے بہت بڑی آزمائش ہے ۔۔

No comments:

Post a Comment