حفاظتی فر شتے
عابدہ رحمانی
پاکستان سے واپسی پر مجھے جو چیز یہاں یعنی شمالی امریکہ کی بہت بھاتی ہے بلکہ پاکستان میں جسکی یاد بھی بری طرح ستاتی ہے ۔وہ یہاں کے سائڈ واک یا عرف عام میں فٹ پاتھ ہیں۔ یہ فٹپاتھ پوری آبادی کے ساتھ بنے ہوتے ہیں ۔یہاں کے پیدل چلنے والوں کے یہ سائڈ واک اشد ضروری ہیں ۔ اس سے پیدل چلنے والے محفوظ اور منظم ہوتے ہیں ۔
ٹورنٹو میں شدید برف باری اور انتہائی یخ موسم نے ان ساٸڈُواک کو بھی چلنے کے لئے دشوار بنا دیا تھا ۔ حالانکہ برف صاف کرنے والے ادارے اس سے زیادہ تر برف صاف کر دیتے ہیں اور اسکے اوپر پگھلانے والا نمک کافی مقدار میں ڈال دیتے ہیں لیکن پیدل چلنے کے لئے سخت سردی میں تکلیف دہ صورتحال ہوتی ہے ۔ پھر بھی چند شوقین اور من چلے اسپر سردی سے محفوظ رہنے والے لباس میں واکنگ اور جاگنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
وہاں کی سردی سے فرار حاصل کی ،تو اس خطے کی معتدل اور قدرے گرم آب وِ ہوا نے باہر نکل کر ہو ا خوری اور چہل قدمی پر اکسایا یوں بھی یہ میری عادت ثانیہ ہے آور جب دیگر کام کاج سے فراغت ہے تو چہل قدمی ایک مثبت سرگرمی ہے ۔ اپنی دھن میں مست ذرا تیز چلنے کی کوشش میں تھی۔ساتھ ساتھ زیر لب ذکر اور تلاوت بھی جاری تھا کہ اچانک ایک غیر ہموار سطح سے ٹھوکر لگی توازن برقرار نہ رکھ سکی اور بری طرح منہ کے بل گری۔ اس خاموش سڑک پر اپنے کام سے جانے والا ایک ٹرک ڈرائیور فوری طور پر رک کر میری مدد کیلئے نیچے اترا۔ اسنے فورا ایمرجنسی ۹۱۱ کو کال کیا اور پھر میری طرف متوجہ ہوا۔ میرے چہرے سے بری طرح سے خون بہہ رہا تھا۔ اسنے جب دیکھا کہ میں ہوش میں ہوں تو مشورہ دیا کہ میں اسی طرح پڑی رہوں جبکہ میں اپنے حواس مجتمع کرکے اٹھنے کی کوشش کر رہی تھی یہ دیکھنے کے لئے کہ ہڈیا ں سلامت ہیں اور اللہ کی شان کہ میں کھڑی ہوگئی ۔خون اب بھی جاری تھا اتنے میں ایمر جنسی والے آگئے وہ بہتے ہوئے خون کو دیکھ کر پریشان ہوئے ۔خون صاف کیا تو زخم چھوٹا تھا ۔ چھوٹے چھوٹے کئی زخم اور خراشیں تھیں لیکن اللہ تبارک وتعالی نے بڑی تکالیف اور ہڈیاں ٹوٹنے سے بچا لیا اور یہ حفاظتی فرشتے مدد کو بھیج دئے ۔ جنہوں نے سنبھال لیا۔ قرآن پاک کی ایک آیت ہے کہ ہم نے تمہارے اوپر حفاظتی فرشتے مقرر کئے ہیں اور جب تمہارا وقت پورا ہوجاتا ہے تو یہ اٹھا لئے جاتے ہیں۔
No comments:
Post a Comment